اقوام متحدہ کے نمائندگان و کشمیر لبریشن فرنٹ میںمذاکرات کامیاب

891
مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر اقوام متحدہ کے مبصرین سے ملاقات کے بعدلبریشن فرنٹ کے قائدین کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر اقوام متحدہ کے مبصرین سے ملاقات کے بعدلبریشن فرنٹ کے قائدین کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

چناری‘ چکوٹھی (صباح نیوز) اقوام متحدہ کے نمائندگان کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان کی چناری اور چکوٹھی کے درمیان (بھرائیاں،چنوئیاں) میں جاری دھرنے میں آمد اور ان کی درخواست پر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی قیادت نے11 روز سے جاری دھرنے کو6 ماہ کے لیے موخر کر دیا، قافلوں کی واپسی شروع۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی قیادت اور اقوام متحدہ کے نمائندگان کے درمیان مظفرآباد میں مذاکرات ہوئے جس کے بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان،وزرا حکومت کرنل(ر) وقار نور،احمد رضا قادری کے ہمراہ لبریشن فرنٹ کے دھرنے میں پہنچ گئے، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر ہماری ماں ہے کوئی بھی باغیرت بیٹا ماں کا سودا نہیں ہونے دے گا ،تقسیم کشمیر کھبی بھی نہیں ہو سکتی، کشمیر کے وارث کشمیری عوام ہیں، مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کی پشتیبانی کی ضرورت ہے۔ہم سب ایک ہیںلائن آف کنٹرول کوئی معنی نہیں رکھتی جب چاہیں گے روند ڈالیںگے ۔اس موقع پر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ہم پھر لائن آف کنٹرول کو توڑنے کے لیے نکلیں گے پھر ہمیں دنیا کی کوئی طاقت آگے بڑھنے سے روک نہیں سکتی۔علاوہ ازیںوزیر اعظم جموں وکشمیر راجا فاروق حیدرنے کہا ہے کہ آزادی کے حق کے لیے غاصب کے خلاف بندوق اٹھانا اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل ہے، دشمن ہمیں نظریاتی بحث میں ڈال کر تقسیم کرنا چاہتاہے۔نریندر مودی کے اکھنڈ بھارت کے راستے میں پاکستان واحد رکاوٹ ہے،کشمیریوں کی ذمے داری ہے کہ ہم اپنی بقا کے ساتھ پاکستان کی بقا کو بھی یقینی بنائیں۔