وفاق کی کراچی پر قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے ،وزیراعلیٰ سندھ

317

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ یہ ڈھکی چھپی بات نہیں وفاق کراچی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے مگر ہم آئین کے برعکس کوئی کام نہیں ہونے دیں گے اور جو آئین توڑنے کے لیے بضد ہیں انہیں سزا بھی ملے گی،میںگورنر سندھ عمران اسماعیل کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتا، کتے کے کاٹے کی ویکسین موجود ہے، سپلائی کررہے ہیں، شہر میں کافی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، میں بھی خود کچرا نہیں اٹھارہا، انتظامیہ کی مدد سے اٹھا رہا ہوں۔پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی 68ویں برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بدھ کی صبح ان کی آخری آرام گاہ پر پہنچے اور فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ملت لیاقت علی خان کو خراج عقیدت پیش کرتاہوں،شہید ذوالفقار علی بھٹو ان کے ویژن کولے کر آگے بڑھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ وفاقی حکومت آئین توڑنے پر بضد ہے اور ہم آئین نہیں ٹوٹنے دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ علامہ اقبال نے ایسے پاکستان کا خواب نہیں دیکھا تھا جہاں بیروزگاری ہو، پاکستان میں روزگار دینا تو دور کی بات یہاں تو لوگوں کو بیروزگار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کا نام کوئی بھی تبدیل نہیں کر رہا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کچرا مہم سے کراچی میں کافی حد تک فرق نظر آرہا ہے،3لاکھ ٹن کچرا اٹھا چکے ہیں، ابھی کچھ دن باقی ہیں کچرا اٹھ جائے گا، وفاقی حکومت نے جو کچرا اٹھایا اس کے غلط اعداد پیش کیے گئے ہیں، 1.5 لاکھ ٹن کچرا اٹھانے کا دعویٰ غلط ہے۔انہوں نے کہاکہ 3لاکھ ٹن سے زاید کچرا لینڈ فل سائٹ پر پہنچ چکا ہے، کچھ روز قبل وفاق کی طرف سے ایک کچرا مہم چلی تھی لیکن ناکام ہوگئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کے فور پر اجلاس ہوئے، اس منصوبے کے ڈیزائن کو جو مسائل ہوئے ان کو حل کرنے کے لیے بیٹھے تھے، گورنر صاحب کو شاید کے فور منصوبے کے حوالے سے بھی کو ئی علم نہیں ہے،میری کوشش ہے کہ کے فور کا ڈیزائن ٹھیک کر کے شروع کریں ۔انہوں نے کہاکہ گورنرصاحب کونیسپاک معاملے کا پورا علم نہیں ہے۔ اپنی گرفتاری کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھے نہیں پتاکہ مجھے کب گرفتار کیا جارہا ہے۔