حکومت کو جانا ہوگا، آزادی مارچ میں فضل الرحمن کے ساتھ ہیں، بلاول

306

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔ حکومت کو گھر بھیجنے کے مطالبے پر مولانافضل الرحمان کے ساتھ ہیں۔رتو ڈیرو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ فواد چودھری کا بیان ہی خان صاحب کی اصل پالیسی ہے۔ ایک سازش کے تحت ہر شعبے میں لوگ بے روزگار کیے گئے ہیں۔بلاول زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگوں کے لیے روزگار پیدا کرنے کے بجائے کہتے ہیں کہ مزید ادارے بند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت 400 اداروں کے محنت کشوں کو بھی بے روزگار کرنا چاہتی ہے جبکہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ جب زیادہ روزگار دیں گے تو معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔بلاول زرداری نے کہا کہ پی ایس 11 میں ہمارا مقابلہ جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے امیدوار سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں بھی یہی اتفاق ہوا تھا کہ ساری جماعتیں پی پی کے امیدوار کو سپورٹ کریں گی جبکہ بنوں میں ہم نے جے یو آئی اور گھوٹکی میں انہوں نے ہماری سپورٹ کی تھی۔چیئر مین پی پی نے کہا کہ پی ایس 11 میں جانتے ہیں کس طرح سلیکٹڈ ایم پی اے کو اسمبلی بھیجا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہر سندھ کے بچے کو سمجھانا ہے کہ ایچ آئی وی سے خود کو کیسے بچائیں جبکہ ہماری خواہش ہے کہ رتو ڈیرومیں ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ کا مرکز دوسروں کے لیے مثال بنے۔ ایچ آئی وی کے مریض روز آکر دوا لیں تو علاج ہوسکتا ہے ، بلاول کا کہنا تھا کہ پی ایس 11 کے عوام دھاندلی نہیں ہونے دیں گے لیکن اگر دھاندلی ہوئی تو پھر بھی پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب کے حوالے سے سپورٹ کا مولانا فضل الرحمان ہی جواب دے سکتے ہیں۔ بنوں میں پیپلز پارٹی نے مولانا کے امیدوار کو سپورٹ کیا تھا۔ امید کرتے ہیں مولانا بھی سپورٹ کریں گے۔ مسلم لیگ (ن)کا ضمنی الیکشن میں سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔