ن لیگ اور پیپلز پارٹی قبل از وقت الیکشن کی حامی ہیں تواسمبلیوں سےمستعفی ہوں،سراج الحق

528

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اگر قبل از وقت الیکشن کی حامی ہیں تو تواسمبلیوں سےمستعفی ہوجائیں،دونوں جماعتوں نے استعفے دے دیے تو ایوان نہیں چل سکیں گے۔

منصورہ میں ہونے والی مشائخ کانفرنس سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اگر قبل از وقت الیکشن کی حامی ہیں تو ممبران کو اسمبلیوں سے واپس لائیں، دونوں جماعتوں نے استعفے دے دیے تو ایوان نہیں چل سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کا اعلان حکومت کے اعصاب پر سوار ہے ، 126 دن کا دھرنا دینا مولانا فضل الرحمن کا بھی حق ہے،حکومت دھرنے کو روکنے کی بجائے وعدے کے مطابق انہیں کنٹینر اور کھانا دے، علماءو مشائخ مسجدوں اور خانقاہوں سے نکل کر رسم شبیریؓ ادا کریں۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ایک کشتی ہے یہ کشتی ڈوب گئی تو کوئی مسجد اور خانقاہ محفوظ نہیں رہے گی،تحفظ ختم نبوت، نظام مصطفی کا نفاذ اور کشمیر کی آزادی سیاسی ایجنڈا نہیں،قومی و ملی فریضہ ہے،اگر یہ سیاست ہے تو پھر ہم سب یہ سیاست کرتے رہیں گے،حکومت اور اپوزیشن کا ایجنڈا اب کشمیر نہیں رہا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتوں کی اپنی اپنی ترجیحات ہیں،کسی سیاسی جماعت نے اب تک کشمیر کو اپنا مسئلہ نہیں سمجھا،حکومت پاکستان کے تحفظ کی لڑائی اسلام آباد میں لڑنا چاہتی ہے،اگر یہ لڑائی سری نگر میں نہ لڑی گئی تو دشمن مظفر آباد اور اسلام آباد تک پہنچے گا،حکمران کشمیر کی آزادی کا ایک روڈ میپ اور واضح لائحہ عمل دیں ۔

سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن وہ کام نہیں کر رہی جو وقت اور حالات کا تقاضاہے،مودی کی صورت میں اژدھا ہماری گھات میں بیٹھا ہے،وہ مسجدوں کو مندر بنانے اور بیت اللہ میں بت رکھنے کی باتیں کرتاہے،کشمیر کے معصوم بچے پتھروں سے بھارتی فوج کا مقابلہ کررہے ہیں اور ہمارے حکمران بھارت کے وسیع رقبے اور بڑی فوج اور ہتھیاروں سے مرعوب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان افراد اور اسلحہ کی بجائے ایمانی قوت سے لڑتے ہیں اور اللہ نے ہمیشہ ان کی مدد اور نصرت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ علماءو مشائخ کشمیر کی آزادی ، ختم نبوت کے تحفظ اور ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے قوم کی رہنمائی اور قیادت کریں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران لوگوں کی گردنوں پر سوار اور اولیاءکرام قوم کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں ۔ مشائخ نے ہمیشہ انسانوں کو محبت کا درس دیا اور اللہ کی طر ف بلایا ۔ ملک میں کروڑوں عاشقان رسول اولیاءاللہ کی درگاہوں پر حاضر ہوتے ہیں ۔ ان درگاہوں کے گدی نشین حضرات کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے تیار کریں ۔