حکومت کوگھر بھیجنا ملک بچانے کے مترادف ہے،احسن اقبال

169

مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنر ل احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کوگھر بھیجنا ملک بچانے کے مترادف ہے، اپوزیشن کےساتھ ملکر نئے انتخابات کے لئے مہم چلائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے ملک میں ہم فوری نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ  ملک مزیداس نالائقی  اورنااہل حکومت کامتحمل نہیں ہو سکتا،اس حکومت سے نجات ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس حکومت کیخلاف ہر تحریک میں ہر اول دستہ ہو گی، ہم اپوزیشن اتحادی جماعتوں سے مل کر اس حکومت کے خاتمے کی بھرپور اور ملک گیر کوشش کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 18 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان شہباز شریف ملاقات کے بعد آزادی مارچ کا حتمی لائحہ عمل دیا جائے گاہم پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی ملکی ترقی کا روڈ میپ رکھتی ہے اورہم نے اپنا ہر وعدہ پورا کر کے دکھایا،بجلی کی کمی پوری کرنا اور معیشت کی بحالی ناکام ٹاسک تھا لیکن ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ایک سال میں ساڑھے 3 فیصد معیشت گرا دیا جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی،2018 کے بعد ان ترقیاتی بنیادوں کو منہدم کر کے رکھ دیاآج پھر پاکستان اندھیروں کی جانب جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جرائم اور لاقانونیت، غربت اور مہنگائی کا دور دورہ ہے،ملکی معیشت کو ابھرتی ہوئی سے ڈوبتی ہوئی معیشت بنادیا گیا ہے،پی ٹی آئی پنجاب سے انتقام لے رہی ہے ا س سے چھٹکارے کی تحریک چلانا ہوگی،بلدیاتی اداروں کو برطرف کر کے جمہوریت پر حملہ کیا گیا ہے۔