ادارے حکمرانوں کے باپ کے نہیں جوبیچ دیں گے،سراج الحق

374

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےکہاکہ ادارے حکمرانوں کے باپ کے نہیں، ہمارے ہیںجو ان  اداروں کو بیچے گا تو قوم ان کا گریبان پکڑے گی۔

اسلام آباد میں کشمیری خواتین کی کشمیر بچاﺅمارچ سے خطاب میں سینیٹر سراج الحق نے قوم سے جھوٹ بولنے پر حکمرانوں سے معافی کا مطالبہ کرتےہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدوں سے مکر کر حکمرانوں نے جھوٹے اور ناقابل اعتبار ہونے پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دیانتداری کا راگ الاپنے والوں نے سینیٹ میں بدترین خرید و فروخت کی،معیشت 13 فیصد تنزلی کے بعد آخری نمبروں پر ہے اور دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی کوئی عزت نہیں،حکمران بدترین مہنگائی ، بے روزگاری ، روپے کی قدر میں کمی پر کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں،میں کہتاہوں کہ اگر بچے کو تعلیم ، بیمار کو علاج ، مظلوم کو انصاف اور عام آدمی کو دو وقت کا کھانا نہ مل سکے تو گھبرانا چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کو جھوٹے اور مکار حکمرانوں سے بچایا جاسکے ۔انہو نے کہا کہ ادارے حکمرانوں کے باپ کے نہیں ، پاکستان ہمارا ہے جو بھی ہمارے اداروں کو بیچے گا تو قوم ان کا گریبان پکڑے گی ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  کشمیر پاکستان کی معاشی ، جغرافیائی اور نظریاتی شہ رگ ہے ۔ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اورسا لمیت کے لیے ضروری ہے،مودی کا نظریہ اکھنڈ بھارت کا ہے،وہ پاکستان پر قبضہ کرنے ، مسلمانوں کو ہند و اور مساجد کو مندر بنانے کی باتیں کر رہا ہے ۔

27 ستمبر کو وزیراعظم پاکستان کے یواین او میں خطاب کے بعد پاکستانی میڈیا نے کشمیر کو کوریج نہیں دی،کبھی کچرے کا اور کبھی کوئی اور نان ایشو ڈھونڈلیا جاتاہے، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد ہمارا سیاسی ایجنڈا نہیں ، ہم پاکستان اور عالم اسلام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستان اژدھا ہے اگر اس کا سر نہ کچلا تو انڈیا کی جارحیت سے پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کو خطرہ ہے،اسلام آباد میں بیٹھے بے ضمیر حکمران گہری نیند سو رہے ہیں ،پاکستانی حکمران فلمی ڈائیلاگ بولتے اور امریکہ کے اشارے پر چلتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اگر انہیں اللہ کی مدد اور نصرت پر یقین ہوتا تو 72 سال سے کشمیر میں ہونے والے مظالم پر خاموش نہ رہتے،کشمیری مسلمان ہیں اس لیے اقوام متحدہ اندھی گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے،بین الاقوامی ادارے اور این جی اوز کتوں بلیوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں مگر80 لاکھ کشمیریوں کی چیخ و پکار انہیں سنائی نہیںدیتی ۔

انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف نے مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،مشرف نے انڈیا اور امریکہ کو خوش کرنے کے لیے ایل او سی پر باڑ لگوائی ۔

امیرجماعت نے کہا کہ کشمیریوں نے ہر طرح کی قربانی دی ۔ کشمیر کا سات سال کا بچہ اور 80 سالہ بوڑھی ماں پتھروں سے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہی ہیں، حکمرانوں کے پاس کشمیر کی آزادی کے لیے کوئی روڈ میپ نہیں،یہ 80 لاکھ کشمیریوں کی موت کا انتظار کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نہتے افغانوں نے تین عالمی سپر پاوز کو شکست دی اور ہم 70سال سے کشمیر میں قتل عام پر خاموش ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آرمی چیف تاجروں اور ڈاکٹروں کی بات سنتے ہیں ، کشمیری ماﺅں، بہنوں اور بیٹیوں کی پکار کب سنیں گے ؟ ہم آپ سے عملی اقدام کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔