کشمیر کی صورتحال ہولناک ہوتی جارہی ہے، عمران خان وقت ضائع کررہے ہیں، لیاقت بلوچ

94

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بہت ہی ہولناک ہورہی ہے ۔ کرفیو لاک ڈائون اور ناجائز قابض بھارتی فوج ظلم و ستم کی انتہا کر رہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان اور وزرا کا کھلنڈرا لشکر تقاریر ، اعلانات اورسوشل میڈیا پر ہی وقت ضائع کر رہا ہے ۔حکومت خوف اور بزدلی کے خول سے باہر آئے ، جرأت مندانہ فیصلے اور اقدامات کرے وگرنہ مشرقی پاکستان کے سقوط کے بعد جموں و کشمیر کے سقوط کا خوفناک منظر ابھر رہاہے ۔ حکمران طبقے کی بے حسی اور خوف توڑنے کے لیے اسلام آباد کی جانب مارچ کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا ۔ علما ، مشائخ ، دانشور مجاہدانہ کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں علما کرام کے اعزاز میں استقبالیے اور بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ سود ، قرضوں ، کرپشن اور بد انتظامی کی لعنت نے قومی معیشت کو تباہی سے دوچار کیاہے ۔ سادگی ، امانت و دیانت اور خود انحصاری سے ہی معاشی بحران ختم ہوسکتے ہیں ۔ ملک بھر کی تاجر اور صنعت کار برادری مؤثر اور طاقت ور پریشر گروپ کا کردار ادا کرے ۔ جماعت اسلامی خود انحصاری اور تاجر ، صنعت کاروں اور کسانوں کی اجتماعی دانش اور محنت سے ملک کو خوشحال اور مستحکم بنائے گی ۔ عمران خان حکومت نااہلیوں کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے ۔ دریں اثناجمعیت علما اسلام کے سربراہ اور اپوزیشن کے مرکزی رہنما مولانا فضل الرحمن نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پررابطہ کیا اور آزادی مارچ کی تفصیلات سے آگہی دی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جے یو آئی اور اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج ، لانگ مارچ اور دھرنوں کا آئینی اور سیاسی و جمہوری حق حاصل ہے ۔