بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ، بچی سمیت 3افراد شہید، 3زخمی

512

مظفرآباد/ راولا کوٹ (صباح نیوز) بھارتی فوج کی جانب سے ضلع حویلی میں لائن آف کنٹرول کے علاقے نیزہ پیر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس سے ایک بچی سمیت 3 افراد شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔ شہیدہونے والوں میں54سالہغلام محمد ، 10 سالہحیدر علی اور 12سالہ مریم بی بی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے نصیب جان، آمنہ بی بی اور سفینہ بی بی کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔بھارتی فوج نے تیتری نوٹ کے علاقے میں ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا۔ اسسٹنٹ کمشنر ہجیرہ ممتاز کاظمی نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے تیتری نوٹ کے علاقے میں سرکاری ہائر سیکنڈری اسکول پر فائرنگ کی گئی۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں اور طلبا معجزانہ طور ہر محفوظ رہے۔ انتظامیہ نے بھارتی فائرنگ کے باعث اسکول کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر نے بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید وں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کی قربانیاں غیر معمولی ہیں۔ انہوں نے شہید افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج سفاک فوج ہے جو نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر کشمیری بھارتی فوج کی فائرنگ سے قطعاً مرعوب نہیں ہونگے۔وزیر اعظم نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔