اسلامی نظریاتی کونسل: پولیو ویکسین کے حق میں فتوئوں کی توثیق

106

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) نے پولیو ویکسین کے حق میں جاری کیے گئے کم از کم 100 فتوئوں کی توثیق کردی۔ میڈیارپورٹ کے مطابق سی آئی آئی کی توثیق کے بعد امید کی جارہی ہے کہ مذہبی حلقوں کی جانب سے مخالفتی رویے کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ مراسلے کے مطابق سی آئی آئی نے تشویش کا اظہار کیا کہ پولیو کیس کی وجہ سے پاکستان کو عالمی سفری پابندیوں کا سامنا ہے اور ملک مستقبل قریب میں مزید اقتصادی مسائل سے دوچار سے ہوسکتا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکومت نے انسداد پولیو مہم کے لیے سی آئی آئی سے تعاون حاصل کیا۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے پولیو ویکسین کے حلال ہونے کی تصدیق کی۔بابر بن عطا نے بتایا کہ مذہبی بنیاد پر 2014 کے بعد سے پولیو سے انکار کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا جس کے بعد مصر کی الازہر یونیورسٹی سمیت متعدد اسکالرز نے پولیو ویکسین کے حق میں فتوے جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ ’محکمے کو اْن فتوئوں سے متعلق تصدیق درکار تھی اور سوشل میڈیا پر متعدد لوگوں نے پولیو ویکسین سے متعلق سی آئی آئی کے موقف کے بارے میں بھی سوال اٹھایا تھا؟ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اسلامی کونسل سے درخواست کی کہ وہ فتوئوں کی توثیق کریں جو مختلف مواقعوں پر جاری ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث تعجب ہے کہ اس معاملے پر کونسل سے پہلے کبھی مشاورت نہیں کی گئی۔اس ضمن میں کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بتایا کہ ’مذہب کی بنیاد پر تقریباً 30 فیصد افراد پولیو ویکسین سے انکار کرتے ہیں جبکہ 70 فیصد لوگوں نے سیاسی اور دیگر وجوہات کی وجہ سے اپنے بچوں کو انسداد پولیو مہم سے دور رکھا۔انہوں نے کہا کہ شکیل آفریدی کے اقدام کے بعد پولیو ویکسین کے خلاف جذبات ابھرے۔ رواں برس ویکسین سے انکار کی تعداد میں اضافہ ہوا۔چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بتایا کہ ’خیبرپختونخوا کے اسکول میں ویکسین کے خلاف پروپیگنڈا کی وجہ سے بھی مہم کو بہت نقصان پہنچا۔چیئرمین نے کہا کہ اسلامی کونسل انسداد پولیو مہم میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ’نائیجیریا میں پولیو پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا لیکن پاکستان اور افغانستان میں تاحال پولیو وائرس موجود ہے۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے امید ظاہر کی کہ فتوئوں کی توثیق کے بعد بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کے رحجان میں بہتری آئے گی۔