ملت اسلامیہ کواندرونی وبیرونی ہر سطح کے چیلنجز درپیش ہیں، حافظ ادریس

167

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستا ن کے رہنما حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آج ہمیں خطرات نے ہر جانب سے گھیررکھاہے ۔ ہماری ملت کو اندرونی و بیرونی ہر سطح کے چیلنج درپیش ہیں ۔ ایسے حالات میں گھبرانے کے بجائے مضبوط اعصاب کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ کشمیر و فلسطین میں ہنود و یہود کی ریاستی غنڈہ گردی اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے ۔ ان دونوں خطوں کے مسلمان شہریوں پر آفرین ہے جو ظلم کا مقابلہ بہادری سے کر رہے ہیں ۔ ہم پر اسلحے سے بھی حملے جاری ہیں اور تہذیبی یلغار کا بھی ہمیں سامناہے ۔ ہر میدان میں مقابلے کے لیے مخصوص ہتھیاروں کی ضرورت ہے ۔ شیطانی تہذیب کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوان نسل کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات اور اسوہ نبوی ؐ کی پیروی ضروری ہے ۔ صحابہ ؓ و صحابیات ؓ کی سیرت اور سلف صالحین کی پرعزم جدوجہد حوصلوں کو بلند کرتی ہے ۔ والدین کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنی نوجوان نسل کو قرآن و سنت سے روشناس کرائیں ۔ ہمارا موقف اللہ کے فضل سے مضبوط استدلال پر مبنی ہے۔ مسلمان حکمران ذہنی غلامی اور مرعوبیت کا شکار ہیں مگر اسلامی سوچ کے حامل بزرگان و نوجوانان اس غلامی و مرعوبیت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں ۔ ہم طاغوت کا مقابلہ اللہ اور رسول ؐ کی تعلیمات سے ہی کر سکتے ہیں ۔