طلبہ امن اور طبقاتی اتحاد کے فروغ کیلیے کردار ادا کریں ، علی محمد خان

166

راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے طلبہ اور نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سول سوسائٹی کے مختلف الخیال متحارب طبقات کے مابین امن، اتحاد اور اعتماد کے فروغ کیلیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز کو بابائے قوم کے فرمودات اور تصورات کے عین مطابق پرامن خوشحال فلاحی مملکت میں تبدیل کرنے کیلیے درپیش چیلنجز اور مسائل و مشکلات کا مداوا اور سدباب کیا جاسکے، قومی بیانیہ پر اس کی روح کے عین مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس کیلیے سول سوسائٹی کی تمام سرگرم تنظیمیں فعال کردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز کو امن وسلامتی کا عظیم گہوارہ بناکر ترقی و خوشحالی کی منزل مقصود سے ہمکنار کیا جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ نظامت طلبہ امور کی قائدین سوسائٹی کے زیر اہتمام تحفظ اور عدم برداشت پر مبنی مثالی معاشرے کی تشکیل کیلیے منعقد ’’امن میلہ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا نظام تعلیم درست کرکے ایسا نظام تعلیم متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے جس میں طلبہ میں سماجی تفہیم کا شعور اجاگر ہوسکے اور وہ معاشرتی تضادات اور منافرتوں کو ختم کرنے کیلیے کردار ادا کرتے ہوئے بین المذاہب اور بین العقائد ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلیے قابل قدر خدمات سرانجام دے سکیں۔