تادم بھوک ہڑتال پربیٹھے عابدبلوچ سے چیئرمین ٹیچرزایسوسی ایشن کی ملاقات

184

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)محکمہ اسکول ایجوکیشن کراچی میں بھرتیوں کے بعد سے گزشتہ7برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ٹیچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظہیر احمد نے منگل کو کراچی پریس کلب پر تادم بھوک ہڑتال پر بیٹھے پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پہلے شہید ورکر ناصر بلوچ کے بیٹے عابد بلوچ سے ملاقات کی اور پارٹی کی جانب سے انہیں نظر انداز کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے مکمل تعاون اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ظہیر احمد نے سندھ حکومت کی جانب سے سال2012ء کے اساتذہ کیساتھ کی گئی زیادتیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اساتذہ کے حق میں آواز اٹھانے کیلیے عابد بلوچ کوٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی کا سرپرست اعلیٰ بننے کی درخواست کی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا ۔اس موقع پر عابد بلوچ نے سال2012ء کے اساتذہ کو تنخواہوں کے اجراء میں مد د دینے کیلیے ان کی آواز اعلیٰ حکام پر پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ملاقات کے دوران ٹیچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظہیر احمد نے کہا کہ یروزگار دینے کا دعویٰ کرنیوالی پیپلز پارٹی روزگار چھین رہی ہے گزشتہ7سال سے اساتذہ تنخواہوں کے لیے احتجاج کر رہے ہیں مگر کوئی سننے والا نہیں ۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سال2012ء کے اساتذہ کے معاملے کو حل کرنے کیلیے 2بار حکم دیا مگر ان کے احکامات بھی بیورو کریسی نے ہوا میں اڑا دیے اب حالت یہ ہے کہ اساتذہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن عابد بلوچ نے ظہیر احمد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ کراچی پریس کلب کے باہر سے اساتذہ کی آواز ایوان میں پہنچائیں گے اور اساتذہ کو تنخواہوں کے اجراء کے لیے اپنا ہر ممکن کردار بھی اداکریں گے ۔