جرائم میں اضافے کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں،سعید غنی

134

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سیف سیفٹی پروگرام پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس حوالے سے ٹیکنیکل کمیٹی کام کررہی ہے۔ اسٹریٹ کرائم میں تیزی سے اضافہ کی خبریں آرہی ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔ بڑے کرائم میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اسٹریٹ کرائم بشمول موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ نہیں البتہ یہ کرائم ہورہے ہیں اور ان پر قابو پانے کے لیے پولیس اور دیگر امن و امان کی بحالی کے ادارے کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر میں 45 اور 46 بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کل پولیس کو درپیش چیلنجز ماضی سے بہت مختلف ہیں۔ کم وسائل اور مشکل حالات میں بھی پولیس نے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ کراچی میں پولیس نے 80 ء اور 90ء کی دہائی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔ سندھ پولیس نے صوبے میں دہشتگردی، بھتا خوری، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر بڑے جرائم کے خاتمے میں موثر کردار ادا کیا اور ان کا خاتمہ کیا ہے۔ کراچی میں پولیس کو دہشتگردوں، چوروں اور ڈاکوؤں کے لیے خوف کی علامت ہونا چاہیے جبکہ شہریوں کے لیے تحفظ کی علامت بننا چاہیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ و ٹریننگ سندھ ڈاکٹر آفتاب پٹھان اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ ٹریننگ سینٹر آمد پرصوبائی وزیر سعید غنی کو نئے بیچ نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ آئی جی سندھ اور سندھ حکومت کے مابین کسی قسم کی کوئی رشہ کشی نہیں ہے۔