حکومت کا نوکریاں دینے سے انکار، 400محکمے ختم کرنے کا عندیہ

227

اسلام آباد( آن لائن ) حکومت نے نوکریاں دینے سے انکار کرتے ہوئے 400 محکمے ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہرشخص سرکاری نوکری ڈھونڈ رہا ہے لیکن حکومت تو 400 ادارے ختم کررہی ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ 70ء کی دہائی کی سوچ تھی کہ نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف دیکھا جائے، نوکریاں دیں گے تو معیشت بیٹھ جائے گی،یہ نہیں کہ ہرشخص سرکاری نوکری ڈھونڈتا پھرے۔فوادچودھری کا کہنا تھا کہ لوگوں کا اس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں دے، لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ حکومت کی طرف نوکریوں کے لیے نہیں دیکھا جاسکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں چھوٹی ہورہی ہیں۔ میڈیا پر خبر نشرہونے کے بعد فواد چودھری نے نوکریوں سے متعلق اپنے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کرقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حیران ہوں کہ میرے بیان کو کیسے سیاق وسباق سے ہٹ کرچلایا گیا، میں نے کہا تھا کہ نوکریاں دینا پرائیویٹ سیکٹر کا کام ہے،حکومت کا کام نوکریوں کے لیے ماحول بنانا ہوتا ہے تاکہ لوگوں کو نوکریاں مل سکیں، لیکن ہر شخص کوسرکاری نوکری تو نہیں دی جاسکتی۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے الیکشن مہم اور پارٹی منشور میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم حکومت میں آکر ایک کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھر بنا کردیں گے۔ 50لاکھ گھروں کی تعمیر سے ملک میں صنعتی ترقی کا پہیہ گھوم جائے گا، صنعتوں سے جہاں ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی وہاں ملک کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا، لیکن تحریک انصاف کی حکومت بنے ایک سال کا عرصہ ہوگیا تاحال حکومت اپنے منشور کے مطابق معاشی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی سمت متعین نہیں کرسکی۔