حکومت کا مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

230

اسلام آباد: حکومت نے مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کیلئے وزیردفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کافیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ،جس میں مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ،حکومتی اورپارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس  میں پنجاب اورخیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ،تین گورنرزاورکور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سربراہ وزیردفاع پرویز خٹک ہونگے۔ کمیٹی اپوزیشن سے اس کے مطالبات پر مذاکرات کرے گی۔

کور کمیٹی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔

کمیٹی نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور مہنگائی کے خلاف اقدامات پر بھی غور کیا جب کہ پارٹی کی صوبائی تنظیموں کوتحلیل کرنے پر بھی سوچ بچار کی گئی۔