صنعت کار اور تاجر قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، گورنرسندھ

1041

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کے خلاف پاکستان کی نئی رسک اسسمنٹ اسٹڈی پر اظہار اطمینان کیا جبکہ 40 میں سے 36 اہداف پر پاکستان سے متعلق ایشیاء پیسیفک گروپ کی توثیق کی گئی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے FPCCI کے 7 ویں اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں انجینئر دا رو خان اچکزئی صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری،ایس ایم منیر سابقہ صدر FPCCI،اختیار بیگ سینئر نائب صدر FPCCI،خالد تواب FPCCI کے عہدیداران اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی،اچیو منٹ ایوارڈ ونرز اوردیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر گولڈ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں سردار یاسین ملک،سلیم سلطان، محمد حنیف گوہر، زبیر طفیل، جاوید علی جبکہ اچیو منٹ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ایوب کھوسو، مرزااشتیاق بیگ اور دیگر شامل تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صنعت کار اور تاجر اپنی شاندار خدمات سے معاشی، معاشرتی اور سماجی سطح پر پاکستان کی خوشحالی اور وقار میں اضافہ کررہے ہیں اور آج ان لوگوں کے اعزا میں منعقد کی گئی ہے،جنھوں نے منفرد مقام حاصل کیا جن کی خدمات پر انھیں ایوارڈ بھی دیئے جا رہے ہیں میں تہہ دل سے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبا رک باد دیتاہوں،

میں آپ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتاہوں تاکہ آپ آئندہ بھی آنے والے چیلنجز میں اپنی کامیابی کو اسی طرح سے یاد گار بناسکیں،

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت جو کہ انتہائی متحرک اور قابل لیڈر شپ کے تحت ہے جس کے ساتھ قابل ترین معاشی اور اقتصادی ماہرین کی ایک ٹیم بھی ہے جنہوں نے ہمارے کاروباری طبقہ کے لئے بہت سے اصلاحی اقدامات کئے ہیں جن کی وجہ سے ایک بزنس مین اپنے آگے چیلنجز کو بہترین مواقع میں تبدیل کر سکتا ہے۔

حکومت کی مضبوط مائیکرو اکنامکس پالیسیوں سے کئی شعبوں میں بہت بہتری آئی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کا زیادہ تر فوکس ٹیکس اصلاحات اور اس سے حاصل رقم کو ملکی تعمیر و ترقی پر خر چ کرنا ہے تاکہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو سکے اس میں ایف بی آر اہم قومی خدمات انجام دے رہا ہے،

معاشی ترقی سے ہی قومی تعمیر و ترقی ممکن ہے اسی وژن کے تحت وزیر اعظم اور ان کی ٹیم شب و روز محنت کررہی ہے، ملک کی معاشی شہ رگ کراچی اقتصادی ترقی میں مرکزی کردار اد ا کرنے والا منی پاکستان ہے جس کی از سر نو تعمیر کرنے کے لئے کئی میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقہ کے مسائل سے پوری طرح سے آگاہ ہے اور بزنس کمیونٹی کو کاروباری دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے پوری طرح کو شاں ہے اور اس کے لئے عملی اقدامات بھی کررہی ہے،حکومت ملک میں ا من و امان کو بہتر کرنے کی بھی پورے خلوص نیت کے ساتھ اقدامات کررہی ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کو تحفظ کا احساس ہو اور وہ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے کاروبار کو چلائیں ہم پاکستان کو پر کشش اور منافع بخش ملک بنانا چاہتے ہیں،

معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں سے ملک کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ کی ذات پر پورا بھروسہ ہے کہ اگر ہم ملک سے بے ایمانی، کرپشن چو ر بازاری کا خاتمہ کردیں تو یہ ملک اللہ کی بہترین نعمت ہے او رہم دنیا میں اپنا درست مقام حاصل کرلیں گے،

FPCCI کو خراج تحسین پیش کرتاہوں کہ آپ نے مثبت اقدامات کو فروغ دینے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی انجینئر دارو خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجارت بڑھانے کے لئے نئی منڈیوں اور نئی مصنوعات کی تلاش کرنا ایف پی سی سی آئی کا وژن ہے۔

خالد تواب نے ایف بی آر کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کاروباری حضرات ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کا خواہ ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر کا کہنا تھا وزیر اعظم کی نیت بہت اچھی ہے وہ ضرور کامیاب ہونگے۔یو این جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کے خطاب سے دنیا کو مسئلہ کشمیر کی اصل صورتحال کا اندازہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔