قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ، سدرن پنجاب نے نادرن کے مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

201
فیصل آباد: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سلسلے میں بلوچستان اور سندھ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بلے باز گیند جاتے ہوئے دیکھ رہا ہے
فیصل آباد: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سلسلے میں بلوچستان اور سندھ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بلے باز گیند جاتے ہوئے دیکھ رہا ہے

فیصل آباد (جسارت نیوز)اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے سہیل تنویراور محمد عامر نے مجموعی طور پر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اوپنر عمر امین نے نصف سنچری اسکور کی۔مڈل آرڈربیٹسمین آصف علی کی جارحانہ اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ناردرن نے 136اسکور کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوور زمیں حاصل کرلیا۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعودنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔محمد عامر، سہیل تنویر، عماد وسیم اور شاداب خان کی موجودگی میں ناردرن کی مضبوط بولنگ لائن اپ کے سامنے سدرن پنجاب کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور 79 رنز پر 6کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد آل راؤنڈر عامر یامین نے کریز سنبھالی اور 4 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر ٹیم کامجموعہ 135 تک پہنچانے میں مدد ی۔ صہیب مقصود کے 25 اور وہاب ریاض کے 16 رنز کی بدولت سدرن پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ناردرن کی جانب سے سہیل تنویر نے 27 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد عامر نے 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاداب خان اور محمد نواز نے بھی ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں ناردرن کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 17 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔جس کے بعد اوپنر عمر امین نے آل راؤنڈر محمد نواز کے ہمراہ ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کے درمیان 63رنزکی شراکت نے میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم کردی۔عمرا مین 41 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ محمد نواز نے 24 ر نز بنائے تاہم مڈل آرڈربیٹسمین آصف علی نے اختتامی اوورز میں 24 گیندوں پر 44 رنز بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ آصف علی کی جارحانہ اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ناردرن نے مطلوبہ ہدف6 گیندوں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سدرن پنجاب کی جانب سے دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان اوراسپنر زاہد محمود 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔