پاک فوج کشمیر کی آزادی کیلیے آگے بڑھے،شیخ عقیل الرحمن

175

مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ کشمیریوں پر مظالم دیکھ کر خواجہ سرابھی جلوس نکالنے پر مجبور ہوئے ،اب عمران خان کے پاس جہاد کے اعلان کے سوا کوئی آپشن نہیں ،پاک فوج کشمیر کی آزادی کے لیے آگے بڑھے پوری قوم شانہ بشانہ ہے ،نریندر مودی کشمیریوںکا قتل عام کررہاہے ، ہمارے یہ میزائل کس کام کے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور فوج فیصلہ کن اعلان کر کے مقبوضہ کشمیر کے حصار کو توڑ کر کشمیریوں کی مدد کرے ،کشمیری اپنے حق کے لیے لڑرہے ہیں تحریک آزادی کشمیر در اصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے اگر اس مرحلے پر حکومت اور فوج نے مطلوبہ کردار ادا نہ کیا تو اللہ کے سامنے اور قوم کے سامنے جواب دے ہوں گے اللہ بھی معاف نہیں کرے گا اور قوم بھی معاف نہیں کرے گی۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ لوگ موت و حیات کی کشمکش میں ہیں خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے بچے شہید کیے جارہے ہیں جوان غائب کیے جارہے ہیں تو ہم کب ان کی مدد کوجائیں گے یہ فیصلہ کن وقت ہے اور ہمیں بروقت فیصلہ کر کے کشمیرکو آزاد کروانا چاہیے ۔