روس اور سعودی عرب میں 3 ارب ڈالر کے 14 معاہدے

271
ریاض: سعودی عرب اور روس کے وزرا معاہدے پر دستخط کررہے ہیں‘ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور صدر ولادیمیر پیوٹن بھی موجود ہیں
ریاض: سعودی عرب اور روس کے وزرا معاہدے پر دستخط کررہے ہیں‘ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور صدر ولادیمیر پیوٹن بھی موجود ہیں

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کے سرمایہ کاری فنڈ اور کئی سعودی کمپنیوں کے درمیان 3ارب ڈالرمالیت کے 14 نئے معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق ان معاہدوں پر دستخط کی تقریب ریاض میں منعقد ہوئی، جس کی سربراہی سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ایک روزہ دورے پر آئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کی۔ ان معاہدوں توانائی کے شعبے خاص طور پر سعودی عرب کی تیل کمپنی رامکو اور روسی آئل کمپنیوں کے درمیان معاہدے بھی شامل ہیں۔ جب کہ روس کے سب سے بڑے لاجسٹک گروپ میں سے ایک نے سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور روس کے درمیان طیاروں کی لیز کے شعبے میں سرمایہ کاری کا بھی معاہدہ ہوا۔ ماسکو اور ریاض کے درمیان زراعت کے شعبے میں بھی معاہدہ ہوا۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات شاہ سلمان سے ملاقات میں کہی۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے پورے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب اور روس کے درمیان تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ شاہ سلمان نے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان دوطرفہ سمجھوتوں کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ادھر روسی صدر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔