بھارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 13شہری ہلاک

192
بھارت: گیس سلنڈر پھٹنے سے تباہ ہونے والے مکانات کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے
بھارت: گیس سلنڈر پھٹنے سے تباہ ہونے والے مکانات کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے

لکھنؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک رہایشی عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ملبے تلے دبنے سے کئی افراد زخمی ہوئے ہیں‘ جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بھارت کی گنجان آباد شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک گاؤں میں کھانا پکانے والے گیس سلنڈر کے پھٹنے کے بعد حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق 13 افراد کی لاشوں اور کئی زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں بعض آگ سے جھلس چکے تھے۔ پولیس کے مطابق 2 منزلہ عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ اتر پردیش کے ضلع ماؤ کے ایک گاؤں ولید پور میں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد عمارت کمزور تھی اور سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے زوردار دھماکے کو برداشت نہیں کر سکی۔ مقامی شہریوں اور امدادی کارکنوں کی جانب سے منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے حادثے کی تفتیش جلد مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کی ہے۔