یکجہتی کشمیر اور شہدائے افواج پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کا افتتاح3نومبر کو ہوگا

128

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسو سی ایشن کی باقاعدہ اجازت سے یکجہتی کشمیر اور شہدائے افواج پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کا افتتاح کورنگی جیمخانہ فٹبال اسٹیڈیم کورنگی نمبر ساڑھے تین کے سبزہ زار پر3نومبر شام4بجے ہوگا۔ سیکریٹری کورنگی جیمخانہ محمد وسیم عارف کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں صرف ڈسٹرکٹ فٹبال ایسو سی ایشن کے32کلبس حصہ لیں گے‘ سیکریٹری کورنگی جیمخانہ نے بتایا کہ کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور افواج پاکستان کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہم نے محکمہ کھیل سے ایک فٹبال ٹورنامنٹ میں تعاون کی درخواست کی تھی جسے سیکریٹری اسپورٹس امتیاز علی شاہ اور ڈائریکٹر اسپورٹس واجد علی شاہ نے منظور کرکے ہمیں اس ٹورنامنٹ میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا‘ محمد وسیم عارف نے مزید کہا کہ محکمہ کھیل نے ہر اہم موقع پر ہماری فٹبال کی مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے ہماری مدد کی جس کے لئے میں اور میرا کلب ان کے شکر گزار ہیں ہم انشاء اللہ شہدائے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنائیں گے‘ ٹورنامنٹ میں شرکت کی خواہشمند ٹیمیں جن کا تعلق ڈسٹرکٹ ایسٹ سے ہو وہ سیکریٹری کورنگی جیمخانہ محمد عارف سے رابطہ کرسکتی ہیں۔افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی اور شرکت کرنے والی ٹیموں کے نام کا اعلان25اکتوبر کو کردیا جائے گا۔