کسی مارچ یا دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے، پاکستان علماء کونسل

230

لاہور(اے پی پی )پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل کسی مارچ یا دھرنے میں شریک نہیں ہو گی، ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان علماء کونسل محاذ آرائی ، تشدد و فساد کی سیاست نہیں چاہتی،جمعتہ المبارک کو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا، ماہ ربیع الاول و ثانی ملک بھر میں ماہ رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے طور پر منائیں گے ، 23 فروری کو یوم تاسیس اور 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی طرف سے مسلم ممالک کے درمیان مصالحانہ کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت کے آئین، قانون اور شریعت کے دائرے میں تمام اقدامات کی حمایت کریں گے، غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر شرعی امور میں محاسبہ کریں گے۔یہ بات انہوں نے پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ کے اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔