نیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان کی گولڈن جوبلی

171

 

تحریر
٭
٭
عبدالسلام

نیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان اپنا 50 واں یوم تاسیس 9 نومبرکومکمل کررہی ہے۔NLF کی مرکزی عاملہ نے طے کیاہے کہ 50 واںیوم تاسیس گولڈن جوبلی کے عنوان سے منایاجائے گا اور اکتوبر سے 9 نومبرتک مختلف پروگرام ہوں گے۔ نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی زون نے اس سلسلے میں مختلف پروگرامات ترتیب دیے ہیں۔جس کی ابتداشہرکے صنعتی علاقوں اور معروف شاہراہوں پر بینر آوایزں کرنے سے کردی گئی ہے۔ جس میں NLFسے ملحقہ یونینوںکے علاوہ دیگر یونینوںنے بھی NLF کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں بھرپورتعاون کیاہے تقریباً شہرمیں 300 بڑے بینر اور 200 پول بینرآوایزںکیے جائیں گے۔ جن میں مزدورمشکلات اور مسائل کاذکرہے خصوصاً لیبر ڈیپارٹمنٹ، سوشل سیکورٹی، EOBI، ورکرز ویلفیئربورڈ میں پائی جانے والی بدعنوانی کو عیاں کیا گیا ہے اسی طرح سے کثیر تعداد میں اسٹیکرز بنوائے گئے ہیں۔جو مختلف متعلقہ اداروں اور دفاترمیں چسپاں کیے جائیںگے۔
2 نومبرکو ٹاورتاپریس کلب فلوٹ چلایاجائے گا۔جس کے ذریعے مزدوروںمیںپائی جانے والی بے چینی اوراضطراب ظاہرکیاجائے گااورسرمایہ داری کے بے رحم شکنجہ سے کس طرح نجات حاصل کی جائے اس کا پیغام دیاجائے گا۔ مزدوروں کوبیدارکرنے کے لیے صنعتی ایریامیںکیمپ لگائے جائیں گے۔ جس کا پہلا کیمپ 17 اکتوبر بروز جمعرات صبح 9 بجے تا5 بجے تک ولیکا اسپتال پر لگایا جائے گا۔ دوسرا کیمپ سنگرچورنگی کورنگی 19 اکتوبربروزہفتہ لگایاجائے گا۔اسی طرح سے دیگرصنعتی علاقوںمیں بھی مزدوروںسے وسیع پیمانے پررابطے کے لیے NLFکا تعارف تقسیم کیاجائے گا۔انہیں پروگرامات میں شرکت کی دعوت دی جائے گاتاکہ شہر کراچی میں ایک مضبوط مزدورحقوق کی جدوجہد کاآغاز کیاجائے ۔
پروگرام کے تیسرے مرحلے میں موٹرسائیکل ریلیوںکاانعقاد کیا جائے گا۔ پہلی ریلی ولیکاہسپتال تاحبیب بینک چورنگی 26 اکتوبر شام 5 بجے نکالی جائے گی جس میں سائٹ ایریاکے مزدوروں کو شریک کرنے کی بھرپور کو شش کی جائے گی۔ دوسری ریلی سنگر چورنگی تا گودم چورنگی کورنگی 27 اکتوبر بوقت 3 بجے سہ پہرنکالی جائے گی اورتمام مزدوردوست رہنمائوں کی شرکت یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
مرکزی گولڈن جوبلی موٹرسائیکل ریلی9 نومبر3 بجے سہ پہرٹاور تاپریس کلب نکالی جائے گی۔
مرکزی ریلی کے اختتام پر پریس کلب پر جلسہ منعقد کیاجائے گا۔ جس سے NLFکے مرکزی صدر محترم شمس الرحمن سوتی اورحافظ نعیم الرحمن امیرجماعت اسلامی کراچی خطاب فرمائیں گے۔ ایک مشاعرہ ملک کے معروف شاعر اعجازرحمانی کی صدارت میں جمعیت الفلاح ہال میں منعقد کیاجائے گا۔جو مزدوروںکے بارے میں اپنا کلام پیش کریں گے۔
عزیز محنت کش ساتھیوں NLFیہ تمام پروگرامات صرف گولڈن جوبلی جسے حرف عام میں جشن سے تعبیرکیاجاتاہے نہیں کررہی مزدوروںکی جدوجہد کو متحد اور منظم کرکے نئے عزم اورولولہ کے ساتھ میدان عمل میں لاناچاہتی ہے آپ سب مزدور تحریک سے وابستہ افراد اس بات کو بخوبی جانتے ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام کاشکنجہ پاکستان سمیت دنیابھرمیں اپنی آب وتاب کے ساتھ غریبوں اور محنت کشوںکابڑی بے رحمی سے استحصال کررہا ہے۔ NLFنے ہر محاذ پر اس مزدور دشمن نظام کو چیلنج کیا ہے اورہم اسے محنت کشوں کی طاقت کے ذریعے راہ راست پر لانے کا عزم رکھتے ہیں۔ NLF کے قیام کا مقصدمحنت کشوں میں اسلامی نظریہ محنت کو پروان چڑھانا ہے تاکہ محنت کشوں کی تربیت کرکے ان کے حقوق کے حصول کے ساتھ ساتھ انہیں منظم بھی کیاجائے اور وہ معاشرے کاطاقتورگروہ بن سکے معاشرہ، سماج اُن کو عزت اور تعظیم کے ساتھ بہتر سلوک روا رکھے۔ ملک میں روز بروز مہنگائی بڑھتی جارہی ہے محنت کش اس کی چکی میں پس رہاہے۔ حکومت پاکستان غریب محنت کشوں کو لنگر کا کھاناکھانے پر مجبور کررہی ہے ۔
محنت کشو مید ان جدوجہدتمہیںپکاررہاہے اگراس وقت آپ نے جدوجہد سے منہ موڑاتو یادرکھوآئندہ آپ کی نسلیںآپ کو معاف نہیں کریں گی آپ کی اولاد جب تعلیم، صحت، ہنر ،لباس اور روٹی سے بھی محروم کردی جائے گی توآپ خود سمجھ سکتے ہے کہ وہ آپ کو کن القاب سے یادکریں گی۔بچوّاُس وقت سے جب آپ کے اپنے بچے کچرادانوںسے روٹی تلاش کررہے ہوں، اسپتالوں میں علاج نہ کروانے کی وجہ سے دم توڑرہے ہوں،لباس نہ ہونے کی وجہ سے نیم عریاں زندگی گزارہے ہوں۔تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے معاشرے کاایک جاہل اورگنوار فردبن رہے ہوں جس سے اُن کی دنیا وآخرت دو نوںتباہی سے ہمکنار ہورہی ہوں تو سوچوکیااس قسم کی اولاد آپ کی عز ت کریں گی۔
50 برس بیت چکے ہم ٹکریوںمیں بٹ گئے کہیں لسانی ،نسلی ،قوم پرستی ،کہیںگرو اختلاف کاشکار ہوئے جس کانتیجہ یہ نکلاکہ ہم 50 سالوں میں ایسی قیادت نہیں برپاکرسکے جس سے ہماراحال اورمستقبل بہتر ہوتا۔ اس لیے ہم تمام محنت کشوں سے ملتمس ہیں کہ ہرقسم کی گروہی سیاست کو چھوڑو پیشہ ورلیڈرشپ کو پہنچانو مخلص ، بے لوث اورایماندار قیادت کے دست وبازو بنواسی میں آپ کی اور آپ کی نسلوں کی بقاہے۔ مزدور بھائیوںاُٹھوشہرکے مزدوروںکو جگادو ۔