این آئی ایف ٹی ملازمین پر ظلم بند کیا جائے، حبیب الدین جنیدی

177

 

آل پاکستان NIFT ایمپلائز یونین CBA کا جنرل ورکرز اجلاس 12 اکتوبر کو کراچی میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی پیپلز لیبر بیورو کے رہنما حبیب الدین جنیدی تھے۔ اس موقع پر مزدور رہنما شفیق غوری، حسین بادشاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ NIFT ایمپلائز یونین کے چیئرمین جاوید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمائے کی طاقت مزدوروں کو دباتی ہے۔ نفٹ میں یونین کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کرکے ملازمین کو خوف میں مبتلا کردیا ہے۔ یونین نے مذکورہ ایکٹ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کریں گے۔ نفٹ ایمپلائز یونین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثاقب انیس نے کہا کہ یونین ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرے گی۔ محنت کشوں کو متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ SBCA کے رہنما ابراہیم کاکا نے جدوجہد میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ حبیب بینک کے مزدور رہنما حاجی یعقوب نے کہا کہ نوجوان قیادت سے مزدور تحریک میں جان آرہی ہے۔ نفٹ ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری فہیم صابر نے کہا کہ لازمی سروس کے ایکٹ کے بعد چودھری اشرف ایڈووکیٹ سے ملاقات کی جس پر چودھری اشرف نے کہا کہ ایکٹ کو چیلنج کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ انتظامیہ یونین کی دشمن ہوگئی ہے۔ فہیم صابر نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام میں نتیجہ کچھ نہیں آتا۔ انتظامیہ نے یونین کو دھوکا دیا ہے، ملازمین کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔ مزدور حقوق کے لیے ماضی کی طرح قربانیاں دوں گا۔ مزدور ادارے کی ترقی کے لیے کام کریں۔ KDA کے مزدور رہنما محمد اشرف نے کہا کہ مزدور حقوق کی جدوجہد کرنے والے ناکام نہیں ہوں گے، بہادری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اسٹیل آفیسرز کے رہنما اسلم سومرو نے جدوجہد میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ پیپلز لیبر بیورو کراچی کے جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ نے کہا کہ نفٹ میں مزدور حقوق کی جدوجہد مزدور تحریک میں نئی راہ متعین کرے گی۔ مزدوروں کو اتحاد و اتفاق سے ہی کامیابی ملے گی۔ ٹریڈ یونین میں مزدور حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ایک اعصابی جنگ ہے۔ اعصابی جنگ ذہن اور برداشت سے لڑی جاتی ہے۔ مشن کے لیے کام کرتے رہیں حق کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔ مزدور ایک زنجیر کی طرح رہیں۔ پیپلز بیورو سندھ کے رہنما سلیم سومرو نے کہا کہ حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے ہی کامیاب ہوتے ہیں۔ سندھ لیبر فیڈریشن کے صدر شفیق غوری نے کہا کہ مزدور تحریک میں جوش اور ہوش سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ فہیم صابر نے عزم، ہمت اور حوصلہ سے کام کیا ہے۔ نفٹ کے ملازمین ادارہ کا سرمایہ ہیں، ملازمین کی محنت سے نفٹ کے اعلیٰ انتظامی عہدیدار عیاشیاں کررہے ہیں لیکن مزدور کو عزت دینے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ NIRC مزدور دشمن ادارہ بن گیا ہے۔ پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پاکستان کسی جرنیل نے نہیں بنایا بلکہ قائد اعظم نے جمہوری انداز میں عوام کے حقوق کے لیے بنایا تھا۔ لیکن آج ملک میں عوام کو حقوق دینے کے لیے کوئی راضی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تحریک کی کامیابی کے لیے نظریہ، تحریک اور جوش و جذبہ ضروری ہے۔ ملازمین کی محنت سے NIFT ترقی کررہا ہے لیکن انتظامیہ ملازمین کو حقوق دینے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے والے ہی کامیاب ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نفٹ ملازمین کے ساتھ بھرپور جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نفٹ ملازمین پر ظلم بند کیا جائے۔ نفٹ ایمپلائز یونین کے نائب صدر سید نعمان نے جدوجہد میں تعاون کا یقین دلایا۔
پروگرام میں کون کون شریک ہوا
NIFT ایمپلائز یونین کے پروگرام میں مقررین کے علاوہ KDA کے رہنما قمر الظفر، سید حیدر عباس زیدی، نذیر اعوان کے علاوہ ساہیوال سے ناصر مجید، ملتان سے قطب نذیر صدیقی، فیصل آباد سے محمد اسلم، سرگودھا سے محمد یحییٰ، جھنگ سے رانا عبدالرزاق، رحیم یار خان سے محمد آصف، ڈی جی خان سے محمد ناصر حسین، کوئٹہ سے محمد معین خان، وہاڑی سے محمد کامران، سکھر سے حزب اللہ شیخ، بہاولپور سے محمد سعید احمد، حیدر آباد سے مرزا جنید بیگ، لاہور سے محمد زبیر، سید نعمان احمد شاہ، محبوب احمد ملک، محمد شہباز اور خرم سیف، فیصل آباد سے سید جعفر حسین شیرازی، گوجرانوالہ سے اخلاق احمد، وجاہت زیدی، عثمان ملک، نواب شاہ سے ذوالفقار احمد، کراچی سے سلیم الدین، خالد صدیقی، محسن صدیقی، حسن علی اور زبیر الدین اور دیگر نے شرکت کی۔
جھلکیاں
NIFT ایمپلائز یونین کے پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے محمد کامران نے کیا۔ جس کے بعد محمد زبیر نے نعت مقبولؐ پیش کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محبوب علی ملک نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ NIFT کے 27 سینٹرز سے محنت کشوں نے شرکت کی۔ مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی جب تقریر کرنے آئے تو شرکاء نے ایک منٹ تک تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ آدھے پروگرام کے بعد واٹر بورڈ کے رہنما امین بلوچ نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیے۔ اسٹیج پر بینر آویزاں تھا جس پر یہ بھی لکھا تھا کہ یونین کا مقصد مزدور حقوق کی جدوجہد کرنا ہے۔