ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ،غریب علاج معالج سے محروم

133

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شفیق آرائیں نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر اقتدار حاصل کرنیوالوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب کو علاج و معالجے کی سہولت تک سے بھی محروم کردیا ہے، یومیہ اجرت پر کام کرنیوالا عام شخص کی دن بھر کڑی مشقت سے حاصل کی جانیوالی رقم رات کو بوڑھے والدین و بچوں کی ادویات کی خریداری میں پوری ہوجاتی ہے، وہ شخص اپنے اہل خانہ کا پیٹ کس طرح بھرسکیں گے، وزیر اعظم عمران خان عوام کی امیدوں و توقعات کا اس طرح بدل دیں گے یہ کسی نے تصور میں سوچا تک نہیں تھا، عوام کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہے اور وہ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلیے آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، اصغر علی بھٹی، نثار راجپوت، نعیم مغل اور احسان بندھانی ودیگر بھی موجود تھے۔شفیق آرائیں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیادوں پر اضافہ کیا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے روزانہ قیمتوں میں اضافہ کرنے والی ادویہ ساز کمپنیز کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی جارہی ہے، ہول سیل میں ادویات کی خرید و فروخت کرنے والوں سمیت میڈیکل اسٹور والے بھی پریشان ہیں جبکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے غریب شخص براہ راست متاثر ہورہا ہے اور بیمار ہونے کی صورت میں وہ علاج کرانے کی سکت بھی کھوتا جارہا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ انتخابات سے قبل کیے گئے اپنے وعدوں کو یاد کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔