مس ایڈونچر کا بھر پور جواب دینے کے لیے تیار ہیں، ائر چیف

138

راولپنڈی(آن لائن)پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہاہے کہ مسلح افواج کسی بھی مس ایڈونچر کی صورت میں بھرپور جواب دینے کیلیے مکمل طور پر تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 140 ویں لانگ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ ہوئی۔ پاس آئوٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، فلسطین، بحرین اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل مجاہد انور خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو ایوارڈز بھی دیے۔خصوصی اعزازی شمشیر بٹالین سینئر انڈر آفیسر عثمان شاہد کو دی گئی جبکہ صدارتی گولڈ میڈل کمپنی سینئر انڈر آفیسر قاسم ایوب کو دیا گیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل فلسطین کے انڈر آفیسر البازور کو دیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں ائر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قربانیوں پر فخر ہے اور پاکستان کی تجربہ کار مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔