فضل الرحمن کے بھائی کیخلاف نیب تحقیقات آخری مرحلے میں

164

پشاور (آن لائن) مولانا فضل الرحمن کے بھائی، خیبر پختونخوا کے سابق کمشنر برائے افغان مہاجرین ضیا الرحمن کے خلاف نیب کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق ضیا الرحمن جب کمشنر افغان مہاجرین تعینات تھے تو انہوں نے گریڈ16 میں 50 سے زاید افراد کو بھرتی کرایا جن سے فی کس 15،15 لاکھ روپے تک رقم وصول کی گئی‘جن کو وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹبلشمنٹ ارباب شہزاد (جو اس وقت سیکرٹری سیفران تھے ) کی ملی بھگت سے مستقل کرکے فوری طور پر گریڈ 17 میں ترقی دے دی گئی۔ اصول کے مطابق گریڈ17 میں بھرتی کے لیے صوبائی پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنا ضروری ہوتا ہے مگر انہوں نے ایسا جان بوجھ کر کیا کیونکہ وہ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے۔ شکایات ملنے پر نیب نے مولانا فضل الرحمن کے بھائی ضیا الرحمن کے خلاف تحقیقات کیں جو تقریباً مکمل ہوچکی ہیں جن پر بھرتیوں کے علاوہ کرپشن کے دیگر سنگین الزامات بھی ہیں۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ضیاالرحمن پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نہیں بلکہ مولا فضل الرحمن کی سفارش پر سرکاری محکمے میں بھرتی ہوکر کمشنر برائے افغان مہاجرین کی پوسٹ تک پہنچے تھے۔