کٹھ پتلی حکومت کوگھر بھیجنے کیلیے نکل پڑا ہوں‘ بلاول زرداری

354
لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ریلی کے دوران کارکنان کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں
لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ریلی کے دوران کارکنان کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں

لاڑکانہ(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کوگھر بھیجنے کے لیے نکل پڑا ہوں۔لاڑکانہ میں عوامی ریلی سے خطاب میں بلاول زرداری کاکہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کر رہا ہوں جس نے غریبوں کا معاشی قتل کردیا ہے اورعوام کو مہنگائی کے سونامی میں دھکیل دیا ہے، کسانوں کے لیے فصلوں کے نرخ اور سفید پوش طبقے کی تنخواہیں نہ بڑھا کرمعاشی قتل کیا جارہا ہے،عوام کو سلیکٹڈحکومت کے خلاف میرا ساتھ دینا پڑے گا ، اس سلیکٹڈ حکومت کو فارغ کرنا ہے۔ بلاول زرداری کاکہنا تھا کہ لاڑکانہ کے شہریوں نے 3 آمروں کو ہٹایا تھا، ذوالفقار بھٹو نے جب آمروں کے خلاف جدو جہد شروع کی تو لاڑکانہ سے شروعات کی۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایوب خان اور ضیا الحق کا مقابلہ کیا، ذوالفقار بھٹو کے بعد بینظیر بھٹو نے پارٹی کی قیادت سنبھالی تو انہوں نے بھی آمروں کا مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کا بچہ بچہ پیپلزپارٹی کا جیالا ہے،لاڑکانہ والوں نے پرویز مشرف کا بھی مقابلہ کیا،بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد اب میں نے پارٹی کا پرچم تھام لیا ہے۔بلاول نے کہا کہ میں عوام کی لڑائی لڑ رہا ہوں،اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کررہا ہوں، اس کٹھ پتلی کامقابلہ کررہا ہوں جس نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس غریب دشمن حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے،اس حکومت نے ٹیکس لگا کر عوام، تاجروں، کسانوں کا معاشی قتل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت عوام کے ووٹ کی طاقت سے نہیں بلکہ کسی اور کے اشاروں پر آتی ہے، اس لیے یہ جن کے اشاروں پر آئے ہیں انہی کے مفادات کا تحفظ کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے گھروں اور نوکریوں کے واعدے جھوٹے ثابت ہوئے،جس کٹھ پتلی نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دوں گا وہ نوکریاں کہاں ہیں؟ لیکن تجاوزات کے نام پر گھر بھی چھین لیے گئے، کٹھ پتلی حکومت کراچی پرقبضہ کرناچاہتی یہ ان کی بھول ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ جب بھی کٹھ پتلی حکومت آتی ہے وہ عوام کوخوش نہیں رکھ پاتی، ظالم غریب دشمن حکومت ہے غریب عوام کا خون چوس رہی ہے، اب میں نے پیپلزپارٹی کا پرچم تھام لیا ہے اور عوام دشمن اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف کھڑا ہوا ہوں، میں کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کررہا ہوں جس نے عوام کا جینا حرام کردیا، پیپلزپارٹی نے آمروں کا مقابلہ کیا یہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے مجھے اس حکومت کو گھر بھیجنا ہے۔