پاکستان نے پشاورمارکیٹ سے متعلق افغانستان کا بیان مسترد کردیا

334

پشاور(آئی این پی)پاکستان نے پشاور مارکیٹ سے متعلق افغان وزارت خارجہ کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مسترد کردیاہے اور کہاہے کہ پشاور میں افغان قونصلیٹ کو بند کرنے کا اعلان افسوس ناک ہے ، امید ہے اس معاملے پر فوری نظر ثانی کی جائے گی ۔ نجی کالونی کیس کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کا سبب نہیں بننے دیں گے۔ ہفتے کو اپنے ایک بیان میںترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پشاور میں مارکیٹ سے متعلق افغان وزارت خارجہ کے الزامات مسترد کرتے ہیں، پشاور کی مارکیٹ کا معاملہ گمراہ کن اور توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے،افغان وزارت خارجہ کا پشاور کی مارکیٹ سے متعلق بیان افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کی مارکیٹ کا معاملہ ایک شہری اور افغانستان کے بینک کے درمیان ہے،اس مقدمے کا فیصلہ شہری کے حق میں 1998ء میں ہوا تھا، پاکستان کے عدالتی عمل پر کسی بھی ناخوشگوار ریمارکس کو مسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں افغان قونصلیٹ کو بند کرنے کا اعلان افسوس ناک ہے ، امید ہے اس معاملے پر فوری نظر ثانی کی جائے گی ، نجی کالونی کیس کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کا سبب نہیں بننے دیں گے ۔