انتظامات مکمل:حیدرآباد میں سراج الحق کی زیرقیادت کشمیر مارچ آج ہوگا

638

کراچی /حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے تحت اتوار 13اکتوبر کو سہ پہر تین بجے اسٹیشن روڈ حیدرآباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ’’کشمیر مارچ‘‘ ہوگا۔جس میں مرد وخواتین ، بچے،بوڑھے اور جوان بھرپور شرکت کرکے کشمیر میں جاری مظالم کیخلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ اس موقع پر مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،صوبائی امیر محمد حسین محنتی،جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل‘جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجیدودیگر ذمے داران بھی خطاب کریں گے۔ کشمیر مارچ حیدرآباد میں تیاریوں کو آخری شکل دی گئی ہے، مارچ کے راستے سمیت شہر بھر میں اس حوالے سے پوسٹر،پینا فلیکس اور بینر لگائے گئے ہیں جبکہ نوجوانوں نے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالی ہیں،مقامی امیر حافظ طاہر مجید نے عوام سے مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔