حکومتی نااہلی قوم کو احتجاج پر مجبور کررہی ہے،لیاقت بلوچ

142

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کشمیر کانفرنس اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن و سنت کے مطابق ملت اسلامیہ کا اتحاد و وحدت ہی بحرانوں کا حل ہے‘ پاکستان کی قومی قیادت، ریاستی ادارے اور سول سوسائٹی انتہائی حساس اور نازک صورتحال میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کریں‘ عالمی اداروں اور سفارتی محاذ پر قومی قیادت کے اتفاق رائے کی حکمت عملی سے ہی بریک تھرو ملے گا‘ حکومتی نااہلی، ناکامی اور معاشی بحران قوم کو احتجاج پر مجبور کر رہے ہیں‘ موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے ریاست مدینہ کا نظام لایا جائے‘ سود اور کرپشن سے پاک خود انحصاری کا معاشی نظام نافذ ہو اور سیاسی پارلیمانی محاذ کیصفیں منظم کی جائیں۔ لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے اعلانات، دعوئوں اور وعدوں کو خو دتوڑا‘ کشکول اٹھا کر پوری دنیا میں پاکستان کے ماضی کے حکمرانوں کی طرح رسوا کر رہے ہیں‘ اب پوری قوم کو لنگر خانوں کا کشکول پکڑا دیا ہے ‘ حکومت کی نااہلی اور ناکامی پر اپوزیشن کی ہر جماعت کو احتجاج کا حق ہے ‘حکومت آمرانہ طرز سیاست اختیار کرے گی تو پھر بڑا طاقتورآمر ہی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی، مظلوم کشمیریوں کو برہمن سامراج کے ظلم و استبداد سے نجات دلوانے کے لیے ہر طرح کی کوشش کرے گی اور ہراول دستے کا کردارادا کرے گی ۔
لیاقت بلوچ