بھارت نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا جنوبی افریقا مشکلات کا شکار

269
پونا: بھارتی کپتان ویرات کوہلی ڈبل سنچری بنانے کے بعد پویلین کی جانب سے داد وصول کرتے ہوئے
پونا: بھارتی کپتان ویرات کوہلی ڈبل سنچری بنانے کے بعد پویلین کی جانب سے داد وصول کرتے ہوئے

پونا (جسارت نیوز) بھارت نے پونا ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 601 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی، کپتان ویرات کوہلی نے 254 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 36 رنز پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد جنوبی افریقاکی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی اور اسے اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 565 رنز درکار ہیں۔ تھینس ڈی برائن 20 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اومیش یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ گزشتہ روز ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے پہلی نامکمل اننگز 273 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کو تو ویرات کوہلی 63 اور اجنکیا راہانے 18 رنز پر وکٹ پر موجود تھے، راہانے 59 رنز بناکر کیشیو مہاراج کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس موقع پر ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور روندرا جدیجا کے ساتھ مل کر 225 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 601 تک پہنچا دیا، ویرات کوہلی نے 7ویں ڈبل سنچری بنائی اور 254 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، روندرا جدیجا 91 رنز بناکر سینوران مدو سیمی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، ان کے آئوٹ ہونے کے ساتھ ہی کوہلی نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، کگیسو ربادا نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقاکی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور اسے پہلا نقصان دوسرے ہی اوور میں اٹھانا پڑا جب اوپنر ایڈن مارکرام بغیر کوئی رن بنائے اومیش یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، ڈین ایلگر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بناکر یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، 33 کے مجموعی ا سکور پر جنوبی افریقاکی تیسری وکٹ گر گئی جب تیمبا بووما 8 رنز بنانے کے بعد محمد شامی کی گیند پر ساہا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 3 وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنا لئے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 565 رنز درکار ہیں، ڈی برائن 20 اور اینرچ نورجے 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ امیش یادیو نے دو اور محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔