قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کا آغاز کل سے فیصل آباد میں ہوگا

179

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیصل آباد میں ڈے اینڈ نائٹ نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ ٹورنا منٹ کل سے اقبال سٹیڈیم میں شروع ہوگا اور24اکتوبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنا منٹ میں قومی سطح کی 6کرکٹ ٹیمیں حصہ لیں گی نیزپی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹورنا منٹ کے انعقاد سے فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کے انعقاد کے مزید راستے کھلیں گے کیونکہ اس ٹورنامنٹ کی ٹیموں میں قومی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جن کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ کے ذوق کی بہتر تسکین ممکن ہوسکے ۔اس حوالے سے ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) میاں آفتاب کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ ٹورنامنٹ کے حفاظتی وانتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پاکستان ہارون الرشید ، ڈائریکٹر ایچ آر ایم کرنل اشفاق،اسسٹنٹ منیجر سکیو رٹی پی سی بی محمدعرفان کے علاوہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان‘ایڈمن آفیسر ریاض انجم اورکیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر سمیت پولیس،سپیشل برانچ،سول ڈیفنس، واسا،پی ایچ اے،فیسکو،پارکنگ کمپنی،ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزوالائیڈ ہسپتال اوردیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔صدراجلاس نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات پر زوردیا کہا کہ ٹریفک بہائو کیلئے متبادل راستوں کے تعین کے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ کا منظم انتظام ہونا چاہیے، سیکورٹی کے حوالے سے اقبال سٹیڈیم کی مکمل سکریننگ کے علاوہ ضروری سیکورٹی آلات کی تنصیب قبل ازوقت مکمل کرلی جائیس انہوںنے سٹیڈیم کی تزئن وآرائش اورصفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے خصوصی سٹاف تعینات ہونا چاہیے، ایمرجنسی سروسز کو فعال رکھنے اور تمام محکموں میں مکمل کوآرڈینیشن پر زور دیا اور کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز لگانے کے لئے محفوظ لائحہ عمل اختیارکیا جائے جبکہ ٹکٹوں کی فروخت کا نظام بھی آسان ہونا چاہیے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے محکموں کے افسران تمام ضروری تقاضوں کا ادراک کریں تاکہ شائقین کرکٹ کے لئے محفوظ اورپرسکون ماحول میسرہوسکے ، کرکٹ کی ترقی کیلئے ایسے ٹورنامنٹ اہمیت کے حامل ہیں جن کی بدولت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج میں اضافہ ہوگا لہٰذا تمام انتظامات کو جامع اورٹھوس ہونا چاہیے تاکہ کوئی خلاء یا کمزوری باقی نہ رہے اورکرکٹ ٹورنامنٹ سے فیصل آباد کا اچھا تاثر ابھر کر سامنے آئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام قومی ٹی 20 کپ6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں نادرن، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب شامل ہیں۔ ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچز 23 اکتوبر کو ہوں گے، ٹورنامنٹ کا فائنل 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔