ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے 24 ویں نیشنل سوئمنگ چیمپئن شپ کا افتتاح کردیا

49

لاہور(جسارت نیوز)اسپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے اور پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 24 ویں نیشنل بوائز ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ گزشتہ روزپنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں شروع ہوگئی، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا،اس موقع پر چیف پیٹرن پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن زوریز لاشاری، ڈائریکٹر ا سپورٹس شاہد نظامی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمان ،سوئمنگ کوچ رفیع الزمان اور دیگر بھی موجود تھے۔پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس آمد پر سوئمرز نے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا پرتپاک استقبال کیا، کھلاڑیوں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ 24 ویں نیشنل بوائز ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں پنجاب ، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی انڈر 12،14،16 ایج گروپ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، سوئمنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد انڈر16سوئمرز کا نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے، اسپورٹس بورڈ پنجاب نے 2 ماہ میں سوئمنگ کا تیسرا ایونٹ منعقد کیا ہے،چیمپئن شپ میں سوئمرز کواپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا،کامیاب سوئمرز کو مزید تربیت دیں گے، نئے سوئمرز تیار کررہے ہیں تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر سوئمنگ میں میڈل حاصل کئے جائیں ،ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ پنجاب کے پہلے اسپورٹس اسکول کی منظوری دیدی گئی ہے جس پر جلد کام شروع کردیا جائے گا، یہ ایک تاریخی اقدام ہے ، ا سپورٹس سکول کے قیام سے کھلاڑیوں کو جدید تکنیکس اور ٹیکنالوجی سے آگاہی ہوگی ، ا سپورٹس ا سکول کے قیام سے پنجاب ٹیکنالوجی کے جدید دور میں شامل ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب انٹر نیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں میسر ہیں، سوئمرز کو شروع سے ہی عالمی معیار کے سوئمنگ پول میں سیکھنے کا موقع فراہم کررہے ہیں تاکہ جب وہ بین الاقوامی مقابلوں میں جائیں تو وہ دنیا کے سوئمرز کا بہتر انداز میں مقابلہ کرسکیں۔
ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کامیاب سوئمرز میں میڈلز تقسیم کئے، چیف پیٹرن پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن زوریز لاشاری نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کو سوئینر پیش کیا۔