نواز شریف ووٹ کی عزت کی خاطر جیل میں ہیں، مریم اورنگزیب

215

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عوا می نمائندگی نہیں کرتا مگر عوامی وزیراعظم نواز شریف ووٹ کی عزت کی خاطر جیل میں رہنے کو تیار ہیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چودھری شوگر ملز نواز شریف کے والد میاں شریف نے 80 کی دہائی میں بنائی جو گزشتہ 3 سال سے بند پڑی ہے۔ انہوں نے الزام عاید کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کو فائدہ پہنچانے کے لیے 3سال قبل اس شوگر ملز پر تالے لگا دیے گئے اور اب اس بند ملز کی آڑ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف ایک خودار شخص ہیں ان پر مظالم ڈھائے گئے ان کی بیٹی مریم نواز کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمے دار لیڈر جیل میں رہ کر پاکستان کے عوام کو آزاد کراے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی عدالت کے اندر اور باہر نواز شریف کے نعرے لگائے گئے۔