مظلوم کشمیری مدد کیلیے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں ،عنایت امین

146

پشاور(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام پی کے 98 میں قائم مقام ناظمہ ضلع عظمیٰ شاہ کی زیر صدارت تربیت گاہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں حلقے کے تمام ارکان اور کارکنان نے خصوصی شرکت کی۔ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ صوبہ عنایت امین نے کہا کہ کشمیری مسلمان ایک کھلی جیل میں قید ہیں اور وہ مدد کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ہمارے حکمران امریکا اور مغرب کی دہلیز پر سجدہ ریز ہیں۔ پاکستان نے اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد نہ کی تو بہت بڑا انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو کو دو مہینے سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں۔ عنایت امین نے شہادت حق کے موضوع پر مفصل درس دیتے ہوئے کہا کہ من حیث القوم ہماری ذمے داری عوام سے زیادہ ہے کیونکہ ہمارے لیے اسلام نے نصب العین کا تعین کیا ہے۔ جس کے حصول کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تربیت گاہ میں نائب ناظمہ صوبہ حسینہ کاشف بھی شریک تھیں۔انہوں نے اپنی اصلاح آپ کے مو ضوع پر ڈسکشن کی۔