ڈینگی سے بچائو کی موثر تدابیر اختیار کرنی چاہیے، ڈی سی اٹک

122

 

اٹک (اے پی پی) ڈینگی سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی کی صدارت میں ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں موجودہ موسم میں ڈینگی سے بچائو کی موثر تدابیر اختیار کرنی چاہییں تا کہ اس خطرناک بیماری کے تدارک کے اقدام کیے جا سکیں۔انہو ں نے کہا کہ اس جان لیوا موذی مرض نے اس سے قبل بھی ملک کے بہت سے علاقو ں میں جانی نقصان کیا ہے۔ اس لیے ہمیں اس سے ہوشیار رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آگاہی کے لیے تمام تر ذرائع کو استعمال کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ڈینگی کے تدارک کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں اور محکمہ صحت کو اس بارے میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کو صرف عوامی شرکت سے ہی کنٹرول کیا جاسکتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ عوام کو اس بارے میں مکمل آگاہی دی جائے تاکہ وہ اس کے متعلق حکومت کا ہاتھ بٹاسکیں۔ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے ڈینگی سے بچائو کے متعلق اپنی تمام تیاریاں بھرپور رکھیں اور مانیٹرنگ کے ذریعے تمام علاقوں میں جہاں کہیں بھی پانی کھڑا ہے وہاں سے اس کی نکاسی کریں اور شہریوں کو بھی اس بارے میں بتائیں کہ وہ جہاں کہیں بھی اپنے علاقوں میں پانی کے گھڑوں وغیرہ کو دیکھیں فوری طور پر وہاں سے نکاسی کا اہتمام کریں اور متعلقہ محکموں کو فوری آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام خود اور اپنے بچوں کو اس جان لیوا بیماری سے بچانے کے لیے تمام تر حفاظتی انتظامات کو عمل میں لائیں۔ اس معتدل موسم میں پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں اور مچھر مار لوشن کا استعمال کریں۔ شام کے اوقات میں خصوصی طور پر احتیاط کی جائے، جہاں مچھروں کا خطرہ ہو وہاں سے دور رہیں۔