دادو، سیپکو اہلکاروں پر تشدد کا مقدمہ، ملزم کا 7 روزہ کا جوڈیشل ریمانڈ

121

دادو (نمائندہ جسارت) سیپکو اہلکاروں پر تشدد کے کیس کا معاملہ رکن قومی اسمبلی کے بھائی سعید جمالی کو انسداد دہشت گردی عدالت نے عبوری ضمانت ردکرتے ہوئے سات دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر دادو جیل منتقل کردیا۔ تین ماہ قبل سیپکو افسران اور اہلکاروں پر تشدد کیس میں سعید جمالی عبوری ضمانت پر آزاد تھا، اور ضمانت میں توسیع کے لیے عدالت پہنچے تھے، عدالت نے ضمانت میں توسیع کی درخواست ردکرتے ہوئے پولیس کو ملزم کی گرفتاری کا حکم جاری کرکے 7 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر دادو جیل منتقل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ تین ماہ قبل ایم این اے رفیق جمالی کے بھائی سعید احمد جمالی نے بجلی چوری کیخلاف آپریشن کے دوران بنگلے کے فوٹو نکالنے پر سیپکو کے افسر سپرنٹنڈنٹ انجینئر سرفراز پٹھان، لائن سپرنٹنڈنٹ فاروق کابورو اور لائن مین حاکم گوپانگ کو تذلیل کرکے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کا مقدمہ دادو کے بی سیکشن تھانے پر ایس ای سرفراز احمد کی مدعیت میں درج تھا جبکہ ایم این اے کے بھائی کی گرفتاری پر سیپکو اور دادو کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سیپکو عملے کی جانب سے مٹھایاں بھی تقسیم کی گئی۔