چین سے تجارتی مذاکرات توقع سے زیادہ بہتر رہے، امریکا

170
واشنگٹن: امریکی نمایندے چینی نائب وزیراعظم کا استقبال کررہے ہیں
واشنگٹن: امریکی نمایندے چینی نائب وزیراعظم کا استقبال کررہے ہیں

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے اعلیٰ اہل کاروں کے درمیان تازہ تجارتی مذاکرات توقع سے زیادہ بہتر جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ فریقین کے درمیان بات چیت بہت اچھی رہی اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی معاہدہ طے پانے کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں چین ہم سے زیادہ تجارتی معاہدے کا متمنی ہے۔ ماہرین کا کہنا یہ کہ امریکا اور چین کی ایک دوسرے کے خلاف تجارتی رکاوٹوں سے عالمی معیشت میں کساد بازاری کے خدشات جنم لے رہے ہیں۔ امریکی چیمبر آف کامرس کے ایک اعلیٰ اہل کار کے مطابق حالیہ مذاکرات کے دوران اعتماد سازی کے لیے ایک معاہدے پر اتفاق کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری جانب امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی سفیر برائے تجارت لیو ہی سے ملاقات کا اعلان کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ وہ کل چینی سفیر برائے تجارت لیو ہی سے ملاقات کریں گے، اس حوالے سے انہوں نے چین سے مذاکرات کے حوالے سے کل کا دن اہم قرار دیا ہے۔ امریکی صدر چینی سفیر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی مصنوعات پر اضافی ڈیوٹی اور دوطرفہ تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ معاہدے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ہی امریکا نے چین کی 28 سرکاری اور نجی کاروباری کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کے بعد حکومتی افسران اور حکمراں جماعت کے رہنماؤں پر ویزا پابندی عائد کردی تھی۔