عراقی وزیراعظم کا کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان

201

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے ملک گیر پْرتشدد مظاہروں کے بعد اپنی کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کردیا، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ پارلیمان میں وزرا کی ایک نئی فہرست منظوری کے لیے پیش کریں گے۔ عادل عبدالمہدی نے مظاہرین کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے بدعنوان سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمات چلانے کا بھی اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان سیکڑوں بدعنوان سرکاری حکام کے نام تحقیقات کے لیے عدلیہ کو بھیجے جائیں گے۔ واضح رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت دیگر کئی شہروں میں گزشتہ عشرے کے دوران میں پْرتشدد احتجاجی مظاہروں میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 6 ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔ عراق کے نیم سرکاری ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 800 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے تقریباً 500 کو رہا کیا جاچکا ہے۔ عراق میں حالیہ مظاہروں کے دوران مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سے تعلق رکھنے والے بعض صحافیوں کو بھی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے اور انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ وہ مظاہروں کی کوریج نہ کریں۔ انٹرنیٹ کی بندش کے بعد ٹیلی وژن پر بھی ان مظاہروں کی بہت کم کوریج کی گئی ہے۔