“ہم نے فضل الرحمان کی بات نہ مان کر غلط کیا”

635

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ الیکشن کے فوری بعد اسمبلیوں سے  مستعفی ہونے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کی بات ٹھیک تھی جسے ہم نے رد کردیا جو بالکل غلط تھا۔

احتساب عدالت پہنچنے پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ناصرف مولانا فضل الرحمان کے جذبے کو سراہتے ہیں بلکہ مولانا فضل الرحمان کو پوری طرح سپورٹ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کے فوری بعد استعفوں کی تجویز دی تھی، مولانا نے کہا تھا کہ احتجاج کریں لیکن ہم نے انہیں اس وقت قائل کیا کہ نہیں۔۔ میں سمجھتا ہوں کہ اُس وقت مولانا کی بات میں وزن تھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی بات کو رد کرنا بالکل غلط تھا،ہم آزادی مارچ کے حوالے سے مولانا کی مکمل حمایت کرتے ہیں اس حوالے سے شہباز شریف کو خط میں سب کچھ لکھ کر بھیج دیا ہے۔