یورپی ملک نے ترک آپریشن کی مشروط حمایت کردی

256

یورپی ملک ہنگری نے ترکی کے شام میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مشروط حمایت کردی۔

ہنگری کے وزیراعظم کے چیف آف اسٹاف جرجیلی گلیاس  نے کہا ہے کہ ترکی نے حال ہی میں شمالی شام  میں آپریشن شروع کیا ہے جس کی ہمیں حمایت کرنی چاہیے، اس فوجی کارروائی کا مقصد قریباً 40 لاکھ شامی مہاجرین کو ان کے اپنے ملک میں بحفاظت واپسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگری نے یورپی یونین کے اس اعلامیے کا دوبارہ جائزہ لیا ہے جس میں دیگر ممالک کی جانب سے ترک آپریشن کی مذمت کی گئی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ ان کا ملک ترکی کے اس اقدام کو سپورٹ کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ  ان کا ملک دوممالک کے درمیان تنازع کو حل کرنے کے لیے جنگ کا راستہ اختیار کرنے کو تسلیم نہیں کرتا لیکن ترکی نے مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھیجنے کے لیے فوجی کارروائی کا آغاز کیا ہے تو ہمیں اس اقدام کی حمایت کرنی چاہیے۔

دریں اثناء ہنگری کے وزیر خارجہ نے  بھی زور دیا کہ  تارکین وطن کی یورپ میں داخلے کی نئی لہر کو روکنے کے لیے یورپی یونین کو ترکی سے بات کرنی چاہیے اور مذاکرات کا راستہ اختیار کر کے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔