احتجاج کے نام پر معیشت کا پہیہ جام نہیں کرنے دینگے‘ قاسم سوری

149

کوئٹہ (آن لائن) قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ احتجاج کے نام پر معیشت کا پہیہ جام نہیں کرنے دیں گے، اسلام کے نام پر لوگوں کو بہکا کر اسلام آباد پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان خود ننگے پائوں حج اور عمرہ کرتے ہیں، ان کیخلاف کیسے مذہبی کارڈ کھیلا جاسکتاہے،وزیراعظم نے عالمی دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کا جس طرح دفاع کیا وہ قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ ائر پورٹ پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں ملک کوبحرانوں کی طرف دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ماضی میں حکمرانوں نے کرپشن کر کے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے لا کھڑا کردیا۔ حکومت کو پورا موقع دیا جائے 13ماہ میں 70سال کے مسائل ہم حل نہیں کرسکتے۔ اپوزیشن جماعتیں اپنے سیاسی ساکھ بچانے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو استعمال کررہے ہیں۔ احتجاج کے نام پر ملک کی معیشت کا پہیہ جام کرنا کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ عدالت عظمیٰ میں سرخرو ہوانادرا کی رپورٹ کے مطابق 52 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوئی مگر شناختی کارڈ درست ہیں مجھے ووٹ صرف 25ہزار ملے ہیں جبکہ میرے اور مخالف کے ووٹ ملا کر بھی 52ہزار نہیں بنتے ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوئی وہ ان مٹ سیاہی کی وجہ سے مشکوک ہوئے ہیں جو لوگ افواہیں پھیلا رہے ہیں ان کو کہوں گا وہ جھوٹ کا سہارا نہ لیں ۔ فیصلہ جو بھی ہو گا منظور ہوگا، سیاسی کارکن رہا ہوں 2013 ء کے انتخابات میں بھی دوسرے نمبر پر رہا تھا ۔
قاسم سوری