کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں،وزیر اعظم عمران خان

135
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار ، عمر ایوب، حماد اظہر، محمد میاں سومرو، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، یوسف بیگ مرزا، شوکت ترین، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیرمین سرمایہ کاری بورڈ، چیرمین این ڈی ایم اے اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں چھوٹی اور
درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور تعمیرات سیکٹر کو مرعات دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کل 687 ایسے یونٹس ہیں جن کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز میں اس وقت سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی کمی، ہنر مند افراد کی کمی ، قوانین میں تبدیلی ، سمیڈا میں اصلاحات، ریسرچ کا فقدان جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ اجلاس میں تعمیرات سیکٹر کے لیے مراعات فراہم کرنے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس شعبے سے متعلقہ صنعتوں کو جلد ٹیکس مراعات دے دی جائیں گی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جب کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ سرمایہ کار کسی دقت یا ہچکچاہٹ کے بغیر سرمایہ کاری کر سکیں۔ مقامی سطح پر چھوٹے صنعتی یونٹس کو ترجیح دی جائے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جن یونٹس کو بحال کیا جاسکتا ہے 60 دن کے اندر ایک مفصل منصوبہ بندی کے تحت ان یونٹس کو بحال کرنے کے لیے جن قوانین اور انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے ان کو مکمل کیا جائے۔ پرائیویٹ سیکٹر کو ایس ایم ایز کے فروغ کیلیے شامل کیا جائے، ایک ہفتے میں ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مکمل ایکشن پلان پیش کیا جائے جس میں مختلف ٹارگٹ مکمل کرنے کے لیے مخصوص میعاد کا تعین شامل ہو۔وزیراعظم نے اسٹیل اور سیمنٹ صنعتوں کے سیلز ٹیکس کے حوالے سے مشیر خزانہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مشیرخزانہ ایف بی آر، نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی اور صوبائی حکومتوں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیں اور اگلے ہفتے تک رپورٹ پیش کریں، معاشی ٹیم کے ساتھ تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے جس کا سب سے اہم مقصد بین الوزارتی ہم آہنگی بڑھانا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان