انسان عہدے سے نہیں کردار سے بڑا آدمی بنتا ہے،حسین محنتی

649
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی جمعیت طلبہ عربیہ کے کارکنان سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی جمعیت طلبہ عربیہ کے کارکنان سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ علم انسان کا زیور اور ترقی کی سیڑھی ہے۔ لوگ اپنے عہدے اور دنیاوی چمک دمک سے نہیں بلکہ اپنے کردار و اخلاق سے بڑے آدمی بنتے ہیں۔ جمعیت طلبہ عربیہ کا نسل نو کی کردار سازی کے لیے تعمیر سیرت کیمپ کا انعقاد قابل تحسین ہے۔ آگے بڑھنے کا جذبہ وجنون ہی انسان کو معاشرے کا قائد اور بڑا آدمی بناتا ہے۔ جمعیت طلبہ عربیہ کے نوجوان علم و عمل میں آگے بڑھ کر معاشرے میں مثالی نمونہ پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے شعبہ بزم قرآن کے تحت ایک روزہ تعمیر سیرت کیمپ برائے معماران سے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے تعمیر سیرت کیمپ میں تقریر ،تحریر، حسن قرات و نعت کے مقابلوں میں پوزیشن ہولڈر طلبہ میں شیلڈ و اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، جمعیت طلبہ عربیہ کراچی کے منتظم حافظ اعجاز الحق ، صوبائی امین محمد افضل، مفتی معراج الدین و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے ۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہماری کردار سازی کے لیے آپؐ کی سیرت پاک نمونہ ہے۔ جس کی دیانت و امانت، اخلاص اور کردار سازی کی دشمن بھی تعریف کرتے تھے۔ انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنی دنیا و آخرت کو سنوارنے، معاشرے کی اصلاح اور اچھا قائد بننے کے لیے سیرت النبیؐ کا مطالعہ کریں۔