جی سی ٹی ہلال اسکولز کراچی کی سلورجوبلی تقریب‘ تلاوت‘ نعت‘ ملی نغمے وتقاریری مقابلے

623
کراچی: گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے سی ای او زاہد سعید جی سی ٹی ہلال اسکول کی گولڈن جوبلی تقریب کے سلسلے میں کراچی چیپٹر کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو انعام دے رہے ہیں
کراچی: گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے سی ای او زاہد سعید جی سی ٹی ہلال اسکول کی گولڈن جوبلی تقریب کے سلسلے میں کراچی چیپٹر کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو انعام دے رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گرین کریسنٹ ٹرسٹ کی سلور جوبلی تقریبات کے سلسلے میں جی سی ٹی ہلال اسکولز کراچی چیپٹر کے انٹرا اسکول قرأت، نعت، ملی نغمے اور تقریری مقابلے سندھ اسکاؤٹس آ ڈیٹوریم میں ہوئے۔ ان مقابلوں میں سو سے زاید جی سی ٹی ہلال اسکولوں کے طلبہ وطالبات نے حصہ لیا۔ پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں سرٹیفکیٹ اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ سندھ بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو زاہد سعید، سیکرٹری جنرل عبدالغفار عمر، ٹرسٹی فیضان جاوید، معروف بزنس مین ٹیپو سلطان، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے رضوان احمد، سندھ بوائز اسکاؤٹس کے سیکرٹری سید اختر میر سمیت شہر کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زاہد سعید نے کہا کہ ہر دور میں پاکستان کے حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے قبل تعلیم کے فروغ اور انسانی ترقی کے دعوے کیے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وعدے اور دعوے بھول گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعلیم اور انسانی ترقی کے شعبے کو 15سال کیلیے ہدف بنا لیں اور 15سال اپنے نونہالوں کی تربیت پر توجہ دیں تو میں یقین سے کہتا ہوں پاکستان دنیا کی ترقی یافتہ ممالک میں کی فہرست میں ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 25 سال قبل جب پہلے جی سی ٹی ہلال اسکول قائم کیا تھا تو تصور نہیں تھا کہ ان پسماندہ اور غیر مراعات یافتہ علاقوں میں اتنا ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود جی سی ٹی ہلال اسکول کے ان بچوں کی کارکردگی ہزاروں روپے فیس لینے والے اسکولوں سے بہتر ہے۔ انہوں نے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں نصیحت کی کہ وہ ملک کا نام روشن کرنے کے لیے مزید محنت کریں اور انہوں نے اس موقع پر اساتذہ کی محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنا سب کچھ ان بچوں پر لگا دیں تو اس سے بڑھ کر ملک وقوم اور ملت کی کوئی اور خدمت نہیں ہوگی۔