پاک بحریہ کی جنگی تیاری مکمل ہے،دشمن کو بھر پور جواب ملے گا، امیر البحر

252

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط2019- کے اختتامی اجلاس کا انعقاد پاکستان نیوی ٹیکنیکل اسکول کراچی میں ہوا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پاک بحریہ کے لڑاکا یونٹس کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ مشترکہ آپریشنل مشقیں عصر حاضر کی جدید جنگوں کا مظہر ہیں اور دفاع ِوطن کے لیے اہم ہیں، سمندری حدود کے دفاع کے لیے افسران و جوانوں کا عزم قابل تعریف ہے، پاکستان خطے میں امن و خوشحالی چاہتا ہے، پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے شمالی بحیرہ عرب میں جنگی مشقوںکا عملی مظاہرہ پیش کرنے والوںکو سراہا۔ اپنے افسران اور جوانوں کی مہارت کو مزید بہتر کرنے کے لیے پاک بحریہ دیگر دفاعی افواج کے ساتھ مستقبل میں بھی ایسی مشترکہ مشقوں کا انعقاد کرتی رہے گی۔ رباط مشقوں کا مقصد روایتی اور گرے ہائبرڈ جنگوں سے لاحق کثیر الجہتی خطرات کے زیر سایہ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کو موثربنانا تھا۔ اس ضمن میں رباط 2019- مشق کی خصوصی توجہ پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ پاک بحریہ کے جنگی منصوبوں کا عملی مظاہرہ پیش کرنا تھا تاکہ دونوں فورسز کے مابین اعلیٰ درجے کی ہم آہنگی پیدا کی جائے۔