کراچی شپ یارڈ کی جہاز سازی میں گراں قدرخدمات ہیں‘ایڈمرل فیاض جیلانی

329

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے پشر ٹگز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب منعقد ہوئی۔ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں حکومتی عہدیداران ، پاک بحریہ ،کراچی شپ یارڈ اور دیگر نجی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس ٹگ کی مجموعی لمبائی21 میٹر جبکہ وزن255 ٹن ہے۔ اس کی حد رفتار10 ناٹس ہے جبکہ اس میں2 ڈیزل انجن لگے ہیں۔ ٹگنگ کے امور کے انجام دہی کے لیے اس کے تمام اطراف میں مضبوط فینڈرنگ کا انتظام ہے۔ اس میں آبدوزوں کی محفوظ حرکات کے لیے پانی کی سطح کے نیچے بھی منفرد فینڈرنگ کا انتظام ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ بلا شبہ یہ منصوبہ وزارت دفاعی پیداوار کا خود انحصاری کی پالیسی کے طرف ایک ٹھوس قدم ہے۔ انہوں نے پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کی جہاز سازی میں خود انحصاری کے حصول کے لیے گراں قدر کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ماہی گیری کی صنعت سے متعلق کہا کہ کراچی شپ یارڈ میں ماہی گیری کے لیے جدید فشنگ ٹرالرز اور بوٹس تعمیر کرنے کی بھر پور صلاحیت موجود ہے اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ ملک کے واحد جہاز سازی کے ادارے کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اس شعبے کو ترقی دیں۔اس موقع پر رئر ایڈمرل اطہر سلیم مینجنگ ڈائریکٹرکراچی شپ یارڈ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں پاک بحریہ اور وزارت دفاعی پیداوار کے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شپ یارڈ نے ماضی میں10سے 40 ٹن گنجائش کے ٹگزپہلے بھی تعمیر کرچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ شپ یارڈ میں جہازوں کی مرمت اور جنرل انجینئرنگ کے شعبہ جات کے ساتھ جہاز سازی کے متعدد منصوبے جاری ہیں جن میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی کا1500 ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل، پاک بحریہ کے لیے میزائل بردار جہاز اور پاکستان کی بری افواج کے لیے برج ایرکشن بوٹس شامل ہیںجبکہ پاک بحریہ کے لیے4 جدید آبدوزوں اور2 لجم کلاس کارویٹس جیسے عظیم منصوبوں کی تعمیر کی تیاریاں بھر پور انداز سے جاری ہیں۔ انہوں نے شپ یارڈ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ قومی اہمیت کے حامل یہ منصوبے عالمی معیار کے مطابق بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔