مولانا کو کنٹینر،بریانی اور ٹینٹ فراہم کیاجائے، پنجاب اسمبلی میں قرارداد

116

لاہور(نمائندہ جسارت ) وفاقی حکومت جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کو دھرنے کے دوران کنٹینر، بریانی اور ٹینٹ فراہم کرے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات میں جیتنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کو دھرنے کے لیے کنٹینر، بریانی اور ٹینٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مولانا فضل الرحمن، عمران خان کی خواہش پر دھرنے کے لیے اسلام آباد آرہے ہیں۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ ایوان حکومت کو پرامن دھرنے کی یقین دہانی کراتا ہے، حکومت کو یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ دھرنے کے دوران پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ بھی نہیں کیا جائے گا۔عظمیٰ بخاری نے اپنی قرارداد کے ذریعے خبردار کیا ہے کہ اگر احتجاجی دھرنے کو طاقت کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی تو جمہوریت کو خطرہ ہو سکتا ہے تواسی لیے حکومت طاقت کے استعمال سے اجتناب برتے ۔