بجلی اور جان بچانے والی ادویات مہنگی کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے

108

پشاور(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر 1.72روپے بجلی اور جان بچانے والی ادویات مہنگی کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے ۔ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے گرداب میں پھنسی ہوئی ہے ۔ عام آدمی اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی میسر کرنے سے قاصر ہے اُوپر سے حکومت نے بجلی مہنگی کرکے کوڑا بھر سادیا ہے ۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے سال 2019ء میں چار مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جس سے شہریوں کو علاج معالجے میں شدید مشکلات پیش آئیں ۔ لیکن حکمران عوام کی دادرسی کے بجائے اپنے اخراجات کو بڑھائے جارہے ہیں۔ موجودہ ملکی معاشی حالات روزبروز خراب ہورہے ہیں۔ اور خراب حالات کا بوجھ حکومت مسلسل عوام کی طرف منتقل کررہی ہے ۔ حکمران لنگر خانوں سے عوام کو پھیلا رہی ہے لیکن مہنگائی میں کمی کرنے پر توجہ نہیں دے رہی ۔ حکمران صرف اپنی سابقہ تقریروں کو ہی ایک بار سن لیں تو شاید غریب کی زندگی میں آسانی پیدا ہوسکے۔